ماسکو،23ستمبر(ایجنسی) روسی صدر ولادی میر پوتین نے ماسکو میں ایک بہت بڑی جامع مسجد کا افتتاح کردیا ہے۔یہ یورپ کی چند بڑی مساجد میں سے ایک ہے۔
اس موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور فلسطینی صدر محمود عباس مہمانانِ خصوصی تھے۔روسی دارالحکومت میں تعمیر کردہ اس مسجد کا رقبہ ب20 ہزار مربع میٹر ہے اور اس میں بیک وقت 10 ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔اس موقع پر صدر پوتین نے
تقریرکرتے ہوئے کہا کہ ''یہ مسجد ماسکو کے علاوہ روس بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم روحانی مرکز بنے گی۔یہ تعلیم ،انسانی نظریات اور اسلام کی حقیقی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنے گی''۔
مسجد کی تعمیر پر سترہ کروڑ ڈالرز لاگت آئی ہے اور اس کی تکمیل میں ایک عشرہ لگ گیا ہے۔اسی جگہ پر پہلے ایک قدیم مسجد واقع تھی اور اس کو شہید کرکے یہ نئی بڑی مسجد تعمیر کی گئی ہے۔پرانی مسجد کی شہادت کے معاملے پر مسلمانوں اور روسی حکام کے درمیان تنازعہ بھی پیدا ہوا تھا۔